پٹرول ناقص ہے یا ملاوٹ شدہ ؟جانچنے کا آسان طریقہ
07 اپریل 2018 (21:05)

اسلام آباد:گاڑی نئی ہو یا پرانی لیکن جو بھی ہو جس کی بھی ہو اس کو بڑی پیاری ہو تی ہے ۔جی ہاں گاڑی ہو یا موٹر سائیکل آج کل کے دور میں انتہائی اہمیت کی حامل سواری ہے ۔ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کی حفاظت کی جائے لیکن گاڑی کی بہترین حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ اس میں روزانہ کے معمول سے استعمال ہونے والا پیٹرول کم از کم خالص مطلب معیاری ڈلوا یا جائے ۔ ناقص یا ملاوٹ شدہ پٹرول استعمال کرنے سے گاڑی یا موٹر سائیکل کی کارکردگی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ انجن کو بھی نقصان پہنچتا ہے ، پٹرول کا معیار چیک کرنے کا ایک انتہائی آسان طریقہ ہے جس پر عمل کرکے اپنی گاڑی اور موٹر سائیکل کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے ۔

پہلے طریقے کے مطابق آپ گاڑی سے پٹرول نکال کر سفید کاغذ پر گرائیں اور اس کو خشک کر لیں جب پٹرول اُڑ جائے تو کاغذ کا جائزہ لیں اگر کاغذ واپس اسی طرح سفید ہو جائے کسی قسم کا نشان نظر نہ آئے تو سمجھ لیں پٹرول اعلیٰ معیار کا ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو اس کا مطلب پٹرول ناقص ہے اس میں ہو سکتا ہے مٹی کا تیل ملایا گیا ہو ۔

ایک او ر تحقیق کے مطابق پٹرول میں ریزن کی ملاوٹ بھی کی جاتی ہے جو ایک مصنوعی آتش گیر مادہ ہے اور ٹھوس و مائع دونوں حالتوں میں ملتا ہے ، اس کی ملاوٹ چیک کرنے کے لیے تھوڑا سا پٹرول ایک پیالے میں ڈالیں اور اسے آگ لگائیں، اگر پٹرول کے ساتھ پیالے کا پیندہ بھی جل کر سیاہ ہو جائے تو یہ ثابت کرتا ہے کہ اس میں ریزن کی ملاوٹ ہے جو آپ کی گاڑی یا موٹر سائیکل کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے ، اگر پیندہ سفید رہے تو پٹرول میں ریزن کی ملاوٹ نہیں ہو گی۔

پٹرول میں پانی کی ملاوٹ چیک کرنے کے لیے پٹرول کی تھوڑی سے مقدار پلاسٹک کے ڈبے میں ڈالیں جس کے اندر دیکھا جا سکتا ہو، اس میں تھوڑا سا مینگنیز سالوشن نامی کیمیکل ڈال کر اچھی طرح ہلائیں، اگر مینگنیز کے کرسٹلز پٹرول میں جذب ہو جائیں اور اس کی رنگت ارغوانی یا گلابی ہو جائے تو پٹرول میں پانی نہیں ہو گا اگر ایسا نہ ہو تو سمجھیں کہ پٹرول میں پانی ملایا گیا ہے ۔ ناقص یا ملاوٹ شدہ پٹرول استعمال کرنے سے گاڑی یا موٹر سائیکل کی کارکردگی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ انجن کو بھی نقصان پہنچتا ہے ۔


ای پیپر