file photo

یوم دفاع پر صدر مملکت، وزیراعظم سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کے پیغامات
06 ستمبر 2020 (11:56) 2020-09-06

اسلام آباد: یوم دفاع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت تمام سیاسی رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ 1965 کی جنگ کا جذبہ آج بھی اُن کے دلوں میں زندہ ہے۔

صدرمملکت عارف علوی کا یوم دفاع پر قوم کو پیغام، کہا آج کے دن مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، ہماری بری، بحری اور فضائی افواج نے مثالی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، 6 ستمبر کو قوم اور مسلح افواج نے ثابت کر دیا کہ جنگ میں فوج کا حجم اہمیت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے 6 ستمبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہدا ہمارے ہیرو ہیں اور وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ جمہوری حکومتوں نے ہمیشہ ملک کے دفاع کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیا۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان ہر فورم پر کشمیریوں کی وکالت کرتے رہیں گے۔

گورنرز، وزرائے اعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر داخلہ اعجاز احمد اور دیگر وزرا نے شہدائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق بولے، جب تک نظریہ مستحکم اور مضبوط رہتا ہے، قومیں عروج حاصل کرتی ہیں۔ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب پاک افواج کے ساتھ پوری قوم نے دشمن کو شکست فاش سے دو چار کیا تھا، اپنے سے 7 گنا بڑے ملک کو پچھاڑ کر ثابت کیا تھا کہ جذبہ ایمانی اور اتحاد کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔


ای پیپر