نواز شریف ڈیل کیلئے براہ راست بات کریں : شیخ رشید
06 ستمبر 2019 (20:47) 2019-09-06

ملتان :وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا ہے جب تک کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر پر اگر ہم نے کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اوروطن عزیز کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہندوستان گزشتہ 72 سالوں سے کشمیریوں کے ساتھ بربریت کررہا ہے لیکن اب فیصلے کا وقت آگیا ہے۔ مودی کی سازش ہے کہ وہاں پیسہ لگائے اور کشمیریوں کو ویزوں کا لالچ دے لیکن کشمیری سوائے آزادی کے کچھ نہیں چاہتے ہیں۔

انہوں نے بھارتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے معاملے کو چھیڑ کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے،ہندوستان پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھا تو اسے نیست و نابود کر دیں گے، ہم نے اسلحہ شب برات پر چلانے کے لئے نہیں رکھا، بھارت نے جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ثابت ہو گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔آصف علی زرداری کے لئے کچھ لوگ پلی بارگین کر رہے ہیں، نواز شریف پلی بارگین کے لئے براہ راست بات کریں، عمران خان کو کہا ہے کہ یہ کنجوس لوگ ہیں ان سے جو ملتا ہے لے لیں۔دنیا میں قومیں تباہ ہوتی ہیں لیکن پھر کھڑی ہوجاتی ہیں مگر اس کے لیے شرط یہی ہے کہ ان میں جذبہ زندہ ہو۔ انشا اللہ وقت آنے پر پاکستان کے جھنڈے تلے اپنی جان دینے میں فخر محسوس کریں گے، شہدا ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستان کا ہر نوجوان سرفروش ہے، مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہونا چاہیے۔


ای پیپر