کرکٹ چلانے کیلئے کیا پاکستانی لوگ مر گئے ہیں: جاوید میانداد
06 ستمبر 2019 (19:13) 2019-09-06

لاہور:سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد پی سی بی پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ کیا پاکستان کے لوگ مر گئے جو کرکٹ چلانے کے لیے غیرملکی لائے جا رہے ہیں۔

ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا نام لیے بغیر کہا کہ حکومت اور بورڈ جواب دے کہ کیا ہمارے لوگ اس قابل نہیں ہیں کہ باہر سے غیرملکی لائے جا رہے ہیں، یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کہ کس طرح ادارے چلائے جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ہمارے کھلاڑی گلیوں اور سڑکوں پر ہی کھیل کر سامنے آئے، آپ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کریں وہ کارکردگی دکھائیں گے، غلط چیزوں پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے قومی میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔نظام کو چلانے کے لیے زیادہ سے زیادہ افراد کو ذمہ داری ملنی چاہیے، یہ عمل سود مند رہتا ہے لیکن یہاں افسوسناک طور پرپی سی بی میں صرف ایک ہی گروپ کھیل رہا ہے۔


ای پیپر