ملک بھر میں یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
06 ستمبر 2019 (14:35) 2019-09-06

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے ، یوم دفاع کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ رہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پر سرکاری اداروں اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم دفاع اور کشمیر پر مختلف تقریبات منعقد ہو ئیں،شہد کے مزارات پر حاضری دی گئی اور پھول چڑھائے گئے ، ائیر بیس لاہور میں پاک فضائیہ کے زیر استعمال جنگی طیاروں اور دیگر سازو سامان کی نمائش ہوئی جبکہ ایئر فورس کے جدید طیاروں نے فلائی مارچ کیا۔ راولپنڈی میں یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی ، یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہدا کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب میں شہدا کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو تھے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں غیر ملکی سفرا، حکومتی ارکان اور اعلی عسکری حکام بھی شریک تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہو کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر شہدا کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہلخانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے جس نے تقریب کے شرکا کی آنکھیں نم کر دیں۔ اسلام آباد نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، مہمان خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پاک بحریہ کے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔

قبل ازیں دن کا آغاز پاک بحریہ کی مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔ اسلام آباد کی طرح دیگر شہروں میں بھی شہدا کی یادگاروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کی گئی۔مزار قائد پر پاکستان ائیر فورس( پی اے ایف)اصغرخان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔


ای پیپر