بھارتی اداکارہ کی معروف ہوٹل سے لاش برآمد

06 ستمبر 2018 (17:35)

نئی دہلی :بھارت کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کہلائی جانے والی ‘ٹولی ووڈ’ کی ایک معروف اداکارہ مشہور ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔تیلگوزبان میں بننے والی فلموں کی معروف بنگالی اداکارہ 34 سالہ پایل چکربورتی ریاست سکم کے دارالحکومت گینگٹاک کے ایک معروف ہوٹل میں مردہ پائی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتا سے تعلق رکھنے والی اداکارہ پایل چکربورتی سیر و تفریح کے سلسلے میں سکم گئی تھیں، جہاں انہوں نے گینگٹاک کے ایک معروف نجی ہوٹل میں کمرہ بک کروایا۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ ہوٹل کے کمرے سے ایک دن تک باہر نہیں نکلیں تو انتظامیہ نے پولیس کو شکایت کی ، جس نے ہوٹل کا کمرہ کھولا تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئیں۔

پولیس نے لاش ملتے ہی اداکارہ کی ہلاکت کی تفتیش شروع کردی، تاہم تاحال اس بات کا پتہ نہیں لگایا جا سکا کہ اداکارہ کی ہلاکت کیسے ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر اداکارہ نے خودکشی کی ، تاہم کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔دوسری جانب پایل چکربورتی کے والد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چند سال سے ڈپریشن اور دیگر ذہنی مسائل کا شکار تھیں۔

دوسری جانب اداکارہ کے سابق شوہر بنگالی اداکار سیانتانی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تاحال یہ یقین ہی نہیں ہو رہا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔خیال رہے کہ پایل سنگھ نے کچھ سال قبل ہی اداکار سیانتانی سے شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں 2 سال قبل ایک بیٹا بھی ہوا تھا۔

مزیدخبریں