فوٹوبشکریہ فیس بک

ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدا ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے
06 ستمبر 2018 (09:40) 2018-09-06

اسلام آباد: ہمیں پیار ہے پاکستان سے، معرکہ 65 کی یاد میں ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدا ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ یوم دفاع کی خصوصی مرکزی تقریب آج جی ایچ کیو میں منعقد ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفارتکاروں، ریٹائرڈ اور حاضر سروس فوجی حکام، مسلح افواج کے شہدا کے لواحقین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

آرمی چیف نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

اس موقع پر دیگر شہروں میں بھی شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سرکاری و غیر سرکاری سطح پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اعلیٰ فوجی حکام اور شہدائے وطن کے لواحقین اپنے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائیں گے۔

اس سلسلے میں سول اور فوجی حکام قبرستان میانی صاحب سمیت للیانی میں واقع شہداء قبرستان اور واہگہ بارڈر پر شہداء کی قبروں پر حاضری دیں گے۔

 

 

 

 


ای پیپر