فائل فوٹو

اسلامی مہینے کے غلط اعلان پر رویت ہلال کمیٹی معافی مانگے: فواد چودھری
06 اکتوبر 2019 (15:10) 2019-10-06

لاہور: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ماہ صفر کے چاند کی تصاویر جاری کرتے ہوئے اسلامی مہینے کے غلط اعلان پر رویت ہلال کمیٹی سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صفر کے مہینے کیلئے تصاویر جاری کر دی ہیں جس سے چاند کی شہادت دیکھی جا سکتی ہے۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر یکم صفر کی تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی تھی جبکہ رویت ہلال کمیٹی نے یکم اکتوبر سے ماہ صفر کے آغاز کا اعلان کیا۔

فواد چوہدری نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ملک کا ایک ایسا بے شعور طبقہ بھی ہے جس سے بات ہی نہیں کی جا سکتی۔ عقل اور شعور رکھنے والا طبقہ بات سمجھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کو صفر کے مہینے کی غلط اطلاع دینے پر معافی مانگنی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ مشین سے چاند نہیں دیکھ سکتے تو پھر عینک سے بھی چاند نہیں دیکھا جا سکتا اور 80 برس کے بابوں کے بجائے نوجوانوں کو چاند دیکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزارت رویت ہلال سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا تھا کہ چاند کی رویت کے معاملے پر وزارت مذہبی امور رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔


ای پیپر