فائل فوٹو

چیئرمین نیب کا ٹیکس سے متعلقہ تمام کیسز واپس کرنے کا اعلان
06 اکتوبر 2019 (13:41) 2019-10-06

اسلام آباد: نیب کا ٹیکس سے متعلقہ تمام کیسز واپس کرنے کا فیصلہ، چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ ٹیکس سے متعلق تمام کیس ایف بی آر کو دے دیے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے آرمی چیف اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں نیب سے متعلق جو تحفظات پیش کیے ان کی نفی کرتا ہوں۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے، اسٹاک ایکسچینج میں تبدیلی میں نیب کا کوئی کردار نہیں، بحران کا حل یہ نہیں کہ ساری ذمہ داری نیب پر ڈال دی جائے۔ نیب سے متعلق تاجروں کے کچھ تحفظات بلاجواز ہیں، بلاجواز تنقید کا جواب دینا ضروری ہے۔ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے کاروباری طبقے کا مورال ڈاؤن ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف ادوار میں کرپشن کی گئی، سیاستدانوں کو اس کا اندازہ ہے۔ سعودی عرب میں اگر لوٹی ہوئی دولت واپس آسکتی ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب بے لگام اور مادر پدر آزاد ادارہ نہیں ہے۔ ملک میں بڑھتی بیروزگاری کا خاتمہ صرف تنہا حکومت کا کام نہیں، نیب وائٹ کالر کرائم سے ڈیل کر رہا ہے، کوئی ملک پابند نہیں کہ ایم او یو سائن کرے اور معلومات بھی فراہم کرے۔


ای پیپر