فوٹوبشکریہ فیس بک

'الیکشن سے قبل شہباز شریف کی رہائی نہ ہوئی تو ملک گیر احتجاج ہوگا'
06 اکتوبر 2018 (16:47) 2018-10-06

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی گرفتاری اور 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ(ن) کی جانب سے مذمتی قرار داد جمع کرادی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے شہبازشریف کی گرفتاری کے خلاف مذمتی قرار داد اسمبلی میں جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ضمنی انتخابات میں شکست کے خوف سے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، الیکشن سے قبل گرفتاری نے کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں، ناکام حکومت کو چلانے کیلئے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو ضمنی الیکشن سے پہلے رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔

خیال رہے کہ نیب لاہور نے گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کیا تھا جہاں انہیں آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے کیس میں باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا جب کہ احتساب عدالت نے اںہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔


ای پیپر