عمران عباس کا عاشقی ٹو اور رام لیلا کو ٹھکرانے کا دعویٰ 
06 اکتوبر 2018 (13:15) 2018-10-06

کراچی: نامور پاکستانی اداکار عمران عباس کا کہنا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلموں ’’ رام لیلا ‘‘ اور ’’عاشقی2‘‘ کو ٹھکرانے پر افسوس ہے۔

فلم ’’عاشقی2‘‘ اور ’’ رام لیلا ‘‘ کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں ہوتا ہے، ان فلموں نے اداکار آدتیہ رائے اور رنویر سنگھ کو راتوں رات بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکاروں کی فہرست میں لاکھڑا کیا تھا تاہم حیرانی کی بات ہے کہ ان دونوں فلموں میں پہلے پاکستانی اداکار عمران عباس کو کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔

حال ہی میں ایک چیٹ شو کے دوران عمران عباس کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی زندگی میں کوئی پچھتاوا نہیں لیکن انہیں اس وقت بہت افسوس ہوا تھا جب انہوں نے بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلمیں ’’ عاشقی 2‘‘ اور ’’ رام لیلا ‘‘ ٹھکرائی تھیں، یہ فلمیں بعد میں بہت ہٹ ہوئیں جب کہ میں نے وہ فلم کی جو زیادہ کامیاب نہیں ہوئی۔واضح رہے کہ عمران عباس اب تک کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں ’’کری ایچر‘‘، ’’اے دل ہے مشکل‘‘ اور ’’جانثار‘‘ شامل ہیں۔


ای پیپر