Source: Social Media

وزیر اعظم عمران خان نے 12ربیع الاول کیلئے تاریخی اعلان کر دیا
06 نومبر 2018 (21:12) 2018-11-06

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے قیام کے لئے علما کراءاور دینی طبقات کی مشاورت کی ضرورت ہے،آئندہ 12ربیع الاول کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا،مشائخ اور علماءکے ساتھ مسلسل بذات خود رابطے میں رہوں گا ۔ ہم پر امن اسلام کے امیج کو پوری دنیاکے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں ۔

وہ منگل کو یہاں وزیر اعظم آفس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نو رالحق قادری نے وزیراعظم کو دھرنوں ، مظاہرین سے کئے گئے معاہدے اور اس کے بعد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ میں مشائخ اور علماءکے ساتھ مسلسل بذات خود رابطے میں رہوں گا ۔ ہم پر امن اسلام کے تشخص کو پوری دنیاکے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں ، حضور کی سیرت طیبہ کے پیغام رحمت کو اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے ، مجھے ریاست مدینہ کے قیام کے لئے علما کراءاور دینی طبقات کی مشاورت کی ضرورت ہے ، آئندہ 12ربیع الاول کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا جس کے سلسلے میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں دوروزہ ختم نبوت انٹرنیشنل کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں امام کعبہ ، جامعتہ الازہر کے وائس چانسلر، شام کے مفتی ، عراق اور تیونس کے علماءکرام حضور کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے ۔ سیرت مبارکہ کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایت پر تحقیقی اور تصنیفی کام کو حکومت کی سرپرستی میں فروغ دیا جائے گا اتحاد امت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مہم کو تیز کیا جائے گا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی موجود تھے ۔


ای پیپر