دورہ چین کے فوری بعد قومی سلامتی کا اہم اجلاس ،تفصیلات سامنے آگئیں
06 نومبر 2018 (20:11) 2018-11-06

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا جبکہ وزیراعظم نے شرکاءکو اپنے حالیہ دورہ چین سے متعلق آگاہ کیا، قومی سلامتی کمیٹی نے کہاکہ پاکستان کی خوش حالی اور امن قانون کی عمل داری میں ہے ۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر دفاع پرویزخٹک ، وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے شرکاءکو حالیہ دورہ چین سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی اوردفاع کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ سلامتی کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کی خوش حالی امن و استحکام اور قانون کی عمل داری میں ہے، ملکی سلامتی و ترقی امن اور استحکام سے مشروط ہے ۔تین گھنٹے جاری رہنے والے اس طویل اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور امن وسلامتی سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔


ای پیپر