موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا: چوہدری نثار
کیپشن:   فوٹوبشکریہ فیس بک
06 نومبر 2018 (16:14) 2018-11-06

اکوڑہ خٹک: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما نے ان خیالات کا اظہار اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے مسائل کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسلیے حکومت اور اپوزیشن کو ایک دوسرے کو راستہ دینا ہوگا۔

اس موقع پر ایک صحافی نے چوہدری نثار سے میاں نواز شریف سے متعلق سوال کیا کہ میاں صاحب آرہے آپ انتظار کریں گے؟ جس پر انہوں نے صحافی سے پوچھا کہ کون سے میاں صاحب آرہے ہیں؟ اس پر صحافی نے جواب دیا کہ میاں نوازشریف آرہے ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ میری طرف سے آپ انہیں سلام کہہ دینا۔

یاد رہے کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے انہیں پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا تھا جس کے بعد چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا، تاہم وہ قومی اسمبلی کی نشست پر شکست کھا گئے اور صرف پنجاب اسمبلی پر کامیاب ہوئے۔


ای پیپر