تحریک لبیک کے رہنما کی کارکنوں کو دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت
کیپشن:   فوٹوبشکریہ فیس بک
06 نومبر 2018 (11:09) 2018-11-06

لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سر پرست پیر محمد افضل قادری نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مظاہرین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو ان کی جماعت دوبارہ سڑکوں پر آجائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے رہنما پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ ان کے پاس مذکورہ معاملے میں وفاقی وزیر کے خلاف عدالت میں قانونی کارروائی کا حق موجود ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ 'حکومت اور ان کی جماعت کے درمیان ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کو فوری طور پر روکا نہ گیا' تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے مذاکرات میں شرکت کی اور معاہدے پر دستخط کیے تھے خبردار رہیں کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

پیر محمد افضل قادری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے کارکن اور رہنما شہادتوں کی نیت سے سڑکوں پر دوبارہ آجائیں گے، وہ کسی سے خوف زدہ نہیں، انہوں نے کارکنوں کو دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلد سچائی سامنے لائی جائے گی۔

بعد ازاں رات دیر گئے تحریک لبیک کی جانب سے جاری کیے جانے والے پیغام میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ کارکنوں کی گرفتاریوں پر پنجاب حکومت سے بات چیت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کی بریت کا فیصلہ آنے کے بعد سے ملک بھر میں مظاہرے جاری تھے جن کا اختتام 2 نومبر کو حکومت سے معاہدے کی صورت میں ہوا تھا۔


ای پیپر