Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown
06 May 2021 (21:22) 2021-05-06

 اسلام آباد :پاکستان میں پہلی کورونا ویکسین کی تیاری اور پیکنگ شروع کر دی گئی ہے۔حکام قومی وزارت صحت کے مطابق کین سائنو ویکسین کی فارمولیشن اور پیکنگ کا خام مال چین سے خریدا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنگل ڈوز ویکیسن کین سائنو کی فارمولیشن اور پیکنگ شروع کر دی گئی ،حکام کے مطابق رواں ماہ کے آخر تک مقامی طور پر فارمولیٹ ہونے والی ویکسین عوام کے لیے میسر ہو گی۔

حکام کے مطابق رواں ماہ کے آخر تک این آئی ایچ ایک لاکھ سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں تیار کر لے گا۔وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکوں کا خام مال 4 اور 5 مئی کی درمیانی شب پاکستان پہنچا تھا۔

واضح رہے اس وقت پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے وار تیزی سے جاری ہیں ،لاہور شہر میں کورونا کیسز کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ تیزی سے اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ،حکومت نے عالمی وبا کی تیسری لہر کے خطرے کے پیش نظر عید الفطر کی چھٹیاں عید سے قبل ہی دے دی ہیں تاکہ شہری اپنے گھروں میں محفوظ رہیں ،8 مئی سے مکمل لاک ڈائون لگا دیا جا ئے گا ،تاکہ شہریوں کی آمدورفت کو روکا جا سکے ۔

دوسری طرف کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر راولپنڈی، فیصل آباد اور لیہ کے متعدد علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہےجو 4 مئی سے 17 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔ زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔


ای پیپر