عالمی برادری بھارتی جارحیت کانوٹس لے : عمران خان
06 May 2020 (18:19) 2020-05-06

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی جارحانہ پالیسیاں خطے کے امن و سلامتی کو تباہ کرسکتی ہیں، بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت بھارتی مظالم کا براہ راست نتیجہ ہے، لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، یہ الزامات بھارت کے خطرناک ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آرایس ایس اور بی جے پی کی مشترکہ پالیسیاں سنگین خطرات پر مبنی ہیں، میں دنیا کو بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سے متعلق خبردار کرتا رہا ہوں، بھارتی جارحیت خطے کے امن وسلامتی کو تباہ کرسکتی ہیں، عالمی برادری کو بھارتی جارحیت سے پہلے نوٹس لینا ہوگا۔

مزید برآں وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ملاقات میں کہا کہ اسلامی تعلیمات، تاریخ و تمدن اور اسلامی معاشروں کے خصائل کو اجاگر کرنے میں ہمارے ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔ موجودہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔ہمارا مذہب ہمیں دکھی اور مشکل میں گھری ہوئی انسانیت کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔ کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، پاکستانی خواہ دنیا کے کسی بھی کونے میں مقیم ہوں مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے اہلیان وطن کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔


ای پیپر