Senate elections, best, wrong elections, PM Imran Khan, Election Commission, Pakistan
06 مارچ 2021 (14:24) 2021-03-06

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں لوگوں کو خریدنے کیلئے بکرامنڈی لگی ، الیکشن کمیشن کہتا ہے بہت اچھا الیکشن کرایا ، اگر یہ اچھا الیکشن ہے تو پھر برا الیکشن کیا ہوتا ہے ۔

اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جس طریقے سے سینیٹ الیکشن ہوا شرمندگی ہوتی ہے ، الیکشن کمیشن کہتا ہے اچھا الیکشن کرایا ، اس سے اور صدمہ ہوا ، یوسف رضاگیلانی کو جتوانے کیلئے حفیظ شیخ کو ہرا دیا گیا ۔ یوسف رضاگیلانی پاکستان کا کرپٹ ترین آدمی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے پتا تھا سینیٹ الیکشن کیلئے پیسہ جمع ہو رہا ہے ۔ زرداری پیسہ چلاتا ہے اس لیے کہا جاتا ہے ایک زرداری سب پر بھاری یہ لوگ 30 سال چوری کرکے کوشش کر رہے ہیں حکومت گرا دیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو خفیہ ایجنسیوں سے پوچھنا چاہئے کہ سینیٹ الیکشن میں کتنے پیسے لگے ۔ انہوں نے کہا کہ زرداری دنیا کا مانا ہوا کرپٹ ہے ، زرداری 10 پرسنٹ ہے ، اس پر دنیا میں فلمیں بنی ہیں ۔ نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے بھاگا ہے ، نواز شریف کی بیماری پر شیریں مزاری کے آنکھ میں آنسو آگئے ، اسپیکر صاحب شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آنا آسان کام نہیں ۔ ان کا بیرون ملک اتنا پیسہ ہے انہیں خود معلوم نہیں ، ڈھائی سال سے ان کے تماشے دیکھ رہا ہوں ۔

عمران خان نے پارٹی اور اتحادیوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ، کہا کئی ارکان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی پھر بھی وہ آج کے اجلاس میں آئے ، اتحادی ہر مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے ۔

عمران خان نے کہا کہ اللہ کا فرمان ہے "میں تمہارے ایمان کو بار بار آزماؤں گا "، جب مشکل سے نکلتے ہیں تو اور مضبوط ہو جاتے ہیں ، پارٹی بھی اس وقت تگڑی ہوتی ہے جب مشکل سے نکلتی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کسی کو تباہ کرنا ہے تو اسے آرام کی زندگی دے دو ، بڑا انسان بننے کیلئے مشکل کا سامان کرو ۔ ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے پاکستان کیوں بنا ، علامہ اقبال کا خواب پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا تھا ، ہم نے مدینہ کی ریاست کی طرح بننا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں اصول طے کیے گئے تھے ، نظریے سے ہٹ جائیں تو قومیں ختم ہو جاتی ہیں ۔ ساتویں ، آٹھویں ، نویں جماعت میں بچوں کو حضورﷺ کی زندگی پڑھائیں ۔

عمران خان نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں پاکستان نہ بنتا تو مسلمان زیادہ ہوتے ، ہندوستان میں اسلام صوفیائے کرام کی وجہ سے پھیلا ، داتا صاحب ، بلھے شاہ ، بابا فرید کو دیکھ کر لوگ مسلمان ہوئے ۔


ای پیپر