چکن کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

لاہور: ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ، ایک ہفتے میں روز مرہ استعمال کی 22 اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں ، گھی اور چینی کے بعد مرغی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ، فی کلو قیمت 355 روپے تک پہنچ گئی ۔
چکن کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ، کراچی میں پانچ سو روپے فی کلو سے بھی مہنگی بکنے لگی ، پشاور میں چکن کے نرخ چار سو روپے تک جا پہنچے ، لاہور میں قیمت 355 روپے فی کلو تک ہوگئی ۔ دیگر شہروں میں بھی برائلر گوشت 400 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے ۔
چکن کی اڑان سے شہری بھی پریشان ، کہتے ہیں بیف اور مٹن تو پہلے ہی نایاب تھا اب چکن بھی میسر نہیں ، شہریوں کا کہنا ہے حکومت کی طرف سے کوئی ریلیف نہیں مل رہا ۔
مرغی کیوں مہنگی ہوئی ؟ پولٹری ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین راجہ عتیق نے پیداوار میں 40 فیصد تک کمی کو وجہ قرار دیدیا ۔ راجہ عتیق کے مطابق مرغی کی خوراک ، بجلی اور پٹرول کی قیمت میں اضافے نے بھی پیداواری لاگت بڑھا دی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی وبا کے دوران اربوں روپے کے نقصان سے کئی فارمر بینک کرپٹ ہونے کے بعد یہ کام ہی چھوڑ گئے ۔
دوسری جانب حکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمت کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں ۔