فائل فوٹو

محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کر دی
06 مارچ 2020 (11:04) 2020-03-06

لاہور: ملک کے بیشتر علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے، پنجاب میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفانی بارش کے باعث ہزاروں ایکڑ اراضی پر گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کر دی۔

بارش کی دھواں دار اننگز نے جاتی سردی کو بریک لگادی، احمدپور، چونیاں، کہروڑ پکا، رینالہ خورد، خانقاں ڈوگراں، خوشاب، خیرپور ٹامیوالی، منڈی بہاؤ الدین سمیت کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ساہیوال، پاکپتن، شیخوپورہ، اوکاڑہ میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی کہیں رم جھم، کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں برسات جبکہ ، پہاڑ وں پر سفید موتی بکھرے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آج کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالائی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کراچی سمیت زیریں سندھ میں گردآلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کر دی۔


ای پیپر