فائل فوٹو

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی
06 مارچ 2020 (10:35) 2020-03-06

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی۔

 پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلنے جانے والے بارش سے متاثرہ میچ میں کوئٹہ کی ٹیم پشاور کی جانب سے دیا گیا 171 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 15 اوورز کے اختتام پر7  وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی۔

زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض اور حسن علی نے بہترین گیند بازی کی اور گلیڈی ایٹرز کے کسی بھی بلے باز کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔

وہاب ریاض نے تین جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن رؤے 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خیال رہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ شعیب ملک اور حیدر علی دھواں دار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 171 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ پشاور زلمی نے مقررہ 15 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

زلمی کی جانب سے شعیب ملک 54، حیدر علی  39 ، کامران اکمل 23 اور لیوس گریگی 20 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4 جبکہ سہیل خان اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


ای پیپر