Image Source : Twitter

پاکستان سے بدلہ لینے کا بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کا خفیہ منصوبہ
06 مارچ 2019 (22:41) 2019-03-06

اسلام آباد: پاکستان دشمنوں کی جانب سے افغانستان میں منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی را نے افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس سے مدد مانگ لی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کی مختلف محاذوں پر زبردست کام یابیوں سے خائف دشمن سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں، بھارتی خفیہ ایجنسی کو پاکستان کے خلاف افغان خفیہ ایجنسی سے مدد مانگنی پڑ گئی۔پاکستانی جیٹ گرانے کے لیے را نے افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس سے مدد مانگ لی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کی منصوبہ بندی بے نقاب ہو گئی ہے۔پاکستانی شاہینوں کے ہاتھوں بھارت کے دو طیاروں کی تباہی اور او آئی سی محاذ پر زبردست نا کامی کے بعد بھارت نے اپنی ہزیمت کے احساس سے نجات کے لیے ایک اور سازش تیار کر لی۔

را نے این ڈی ایس سے مدد کی درخواست کی ہے کہ کسی بھی طریقے سے پاکستان کا ایک جیٹ گرایا جائے، اس سلسلے میں پشاور، سمگلی یا کسی اور بیس سے جہاز پرواز کرتے یا اترتے وقت نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے افغانستان سے دہشت گرد بھیجنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کے طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر دوسری مرتبہ دراندازی کے مرتکب ہوئے، تاہم اس بار پاک فضائیہ کے شاہینوں نے انھیں واپس جانے کی مہلت نہیں دی اور دو طیارے مار گرائے، جن میں سے ایک آزاد کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا، اور ایک بھارتی پائلٹ بھی زندہ پکڑا گیا۔


ای پیپر