پاکستان ریلویز نے عید الفطر پر 5 خصوصی ٹرینوں کے شیڈول کو حتمی شکل دیدی
06 جون 2018 (22:23)

اسلام آباد : پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے لئے ملک کے مختلف شہروں کے درمیان چلائی جانے والی5خصوصی ٹرینوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے ،12جون سے پہلی ٹرین چلے گی۔


تفصیلات کے مطابق پہلی عید سپیشل ٹرین 12 جون کو کراچی سٹی سے دن گیارہ بجے روانہ ہوکر خانیوال، فیصل آباد، سرگودھا، لالہ موسیٰ، ملکوال، راولپنڈی، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی13جون رات 10 بجکر 30 منٹ پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔ دوسری ٹرین کوئٹہ سے 12 جون دن 11 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہو کر جیکب آباد، ملتان کینٹ، خانیوال، لاہور سے ہوتی ہوئی 13جون رات 8 بجے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ تیسری ٹرین کراچی کینٹ سے 13 جون صبح 11 بجے روانہ ہو کر رحیم یار خان، خانیوال ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی 14 روز صبح 10 بجے لاہور پہنچے گی۔چوتھی ٹرین راولپنڈی سے 14 جون صبح سات بجے روانہ ہو کر اٹک سٹی، جنڈ، داوئو خیل، کوٹ ادو، مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اسی رات 10 بجکر 30 منٹ پر ملتان کینٹ پہنچے گی۔


پانچویں سپیشل ٹرین ملتان کینٹ سے 19 جون صبح سات بجے روانہ ہو کر کوٹ ادو، مظفر گڑھ، کندیاں، داودخیل، جنڈ، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اسی روز رات 10 بجکر 15 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کے رش کو مدِنظر رکھتے ہوئے معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی۔پہلی سپیشل ٹرین میں اکانومی کلاس کا کرایہ کراچی سے ملکوال 1480 روپے اور کراچی سے پشاور تک 1860 روپے ہوگا۔ دوسری سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کوئٹہ سے راولپنڈی 1540 روپے، اے سی سٹینڈرڈ کا کرایہ 3550 روپے اور اے سی بزنس کلاس کا کرایہ 4420 روپے ہوگا۔ تیسری سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ کراچی سے لاہور 1430 روپے ہوگا۔ چوتھی سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ راولپنڈی سے ملتان 980 روپے ہوگا۔ پانچویں سپیشل ٹرین کا اکانومی کلاس کا کرایہ ملتان سے راولپنڈی تک 980 روپے ہوگا۔


ای پیپر