ایران کا جوہری پروگرام سے متعلق زبردست اعلان
06 جولائی 2020 (18:31) 2020-07-06

تہران: ایران کے نطنز جوہری مرکز میں حالیہ واقعے میں تباہ ہونیوالی ایک تنصیب کو تبدیل کرنے کیلئے ایک نیا اور زیادہ جدید ڈھانچہ بنایا جائیگا۔یہ بات تسنیم نیوز ایجنسی نے پیر کے روز ایران کی جوہری توانائی تنظیم (اے ای او آئی) کے ترجمان کے حوالے سے بتائی۔

بہروز کمال وانڈی نے کہا کہ شاہد احمدی روشن(نطنز) جوہری مرکز میں تباہ شدہ شیڈ کی بحالی کیلئے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں اور اس کی جگہ زیادہ جدید آلات والا ایک مزید بڑا شیڈ بنایا جائیگا۔کمال وانڈی نے کہا کہ تباہ شدہ شیڈ میں مزید سینٹری فیوج مشینیں تیار کی جانی تھیں ، انہوں نے مزید کہا کہ واقعے سے شیڈ میں پیمائش اور حفاظتی ٹولز کے کچھ حصے تباہ اور خراب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے درمیانی مدت میں جدید مشینوں کی تشکیل اور تیاری میں کمی آسکتی ہے مگر واقعے سے ایران کی افزودگی کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ ہم 24 گھنٹے کام کرکے اور ادارے میں اپنے ساتھیوں کی مستعد کوششوں سے اس سست روی کا مقابلہ کریں گے۔جمعرات کے روز ایران نے اعلان کیا تھا کہ نطنز جوہری مرکز میں لگنے والی آگ سے اس کے نظام کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن اس میں اشیا ذخیرہ کرنے کے سٹور کا ایک ڈھانچہ متاثر ہوا ہے۔


ای پیپر