ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں ایک دفعہ پھر حیران کن کمی
06 جولائی 2019 (19:39) 2019-07-06

کراچی: انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں گذشتہ ایک ہفتے کے دورا ن ڈالر کے مقابلے روپیہ تگڑا ہو گیا اور روپے کی نسبت ڈالر کی قدر میں1روپے سے3روپے تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر1.25روپے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 157.75روپے سے گھٹ کر156.50روپے اور قیمت فروخٹ158.25روپے سے گھٹ کر157روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں زیر تبصرہ مدت کے دوران ڈالر کی قدر3روپے کم ہو گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 159روپے سے کم ہو کر156روپے اور قیمت فروخت 160روپے سے کم ہو کر157روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اسی عرصے کے دوران یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں بالترتیب 4روپے اور5روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 178روپے سے کم ہو کر174.50روپے اور قیمت فروخت182روپے سے کم ہو کر178روپے پر آگئی اسی طرح برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 199روپے سے کم ہو کر194.50روپے اور قیمت فروخت203روپے سے کم ہو کر198روپے ہو گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 157روپے پر مستحکم رہی تاہم یورو اور برطانوی پونڈ کی قدر میں بالترتیب1،1روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا سستا ہو گیا

کراچی : ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا سستا ہو گیا ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا14ڈالر کی کمی سے1400ڈالر کو ہا گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 100روپے کمی سے78ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت88روپے کی کمی سے66ہزار872روپے ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا8ڈالر سستا ہو ا جس کے بعد اسی مدت میں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا600روپے اور دس گرام سونا515روپے سستا ہو گیا ۔


ای پیپر