Source : Yahoo

نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا بہت چھوٹی ہے :مریم نواز
06 جولائی 2018 (17:23) 2018-07-06

لندن:سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ سزا بہت چھوٹی ہے ،70 سال سے سرگرم نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا کم ہے.جمعہ کے روز ایوان فیلڈ ریفرنس کے احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ بہت بلند ہوا ہے ،نواز شریف ڈرے نہیں ،جھکے نہیں بلکہ اپنی ذاتی زندگی کو پاکستان پر ترجیح دی ،پاکستانی عوام آج بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں انشاءاللہ جیت عوام کی ہی ہوگی ۔

پاکستان میں 70 سال سے سرگرم نادیدہ قووتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا بہت چھوٹی ہے۔ آج ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، آپ جھکے نہیں، آپ نے ذاتی زندگی پر پاکستان کو ترجیح دی،عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہے، فتح آپ کی ہو گی۔ احتساب عدالت کے فیصلے سے قبل اپنے بیان میں مریم نواز نے پارٹی کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے شیرو! فیصلہ جو بھی آئے گھبرانا نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے لیے یہ سب نیا نہیں، وہ پہلے بھی نااہلی، عمر قید، جیل اور جلا وطنی بھگت چکے ہیں۔ رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ کوئی لیڈر ہے جو آپ کی خاطر، وطن عزیز کی خاطر، آپ کے ووٹ کی عزت کی خاطر ڈٹ کر کھڑا ہے اور کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ راستہ آسان نہیں، قیمت چکانی پڑے گی، مقابلہ جمہوریت کی آستین میں چھپے سانپوں سے ہے جنہوں نے ووٹ کی حرمت پامال کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دیا۔

یادرہے مریم نواز بھی اب الیکشن لڑنے کی اہل نہیں ہیں ،مریم نوا ز کو بھی 7سال قید کی سزا اور 2ملین پاﺅنڈ کی سزا سنائی گئی ہے اس کے علاوہ لندن فلیٹس کی ضبطگی کے احکامات آچکے ہیں ۔


ای پیپر