احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس سے پہلے نواز شریف کی اہم درخواست مسترد کردی
06 جولائی 2018 (12:20) 2018-07-06

اسلام آباد: ا حتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ آج جمعہ کو ہی سنایا جائے گا ۔

ا حتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 9 بجکر 40 منٹ پر سماعت کا آغاز کیا۔سماعت کے آغاز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں زیر علاج اہلیہ کلثوم نواز کی تازہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے فیملی کا کلثوم نواز کے ساتھ ہونا ضروری ہے، لہذا فیصلے کو کچھ دن کے لیے موخر کردیا جائے۔

تاہم نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے فیصلہ موخر کرنے کی درخواست کی مخالفت کردی ۔ جس کے بعد جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ایک گھنٹے کے لیے موخر کردی ۔ بعد ازاں ا حتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی اور کہا کہ 3 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا ۔


ای پیپر