فوٹو بشکریہ فیس بک

فواد چودھری نے ولی عہد کے دورے کو پاکستان کی ترقی کیلئے مفید قرار دیدیا
06 جنوری 2019 (18:07) 2019-01-06

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ولی عہد کے دورے کو پاکستان کی ترقی کیلئے مفید قرار دیا، کہتے ہیں آئل ریفائنری سے متعلق بات چیف حتمی مراحل میں ہے۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہو گئے۔ معزز مہمان کو نور خان ائیر بیس پر پرنسپل انفارمیشن افسر میاں جہانگیر نے یادگاری البم کا تحفہ پیش کیا۔ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے ولی عہد کو رخصت کیا۔

اس سے پیشتر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید بن سلطان النہیان کا اسلام آباد آمد پر تاریخی استقبال ہوا جہاں معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان گاڑی خود ڈرائیو کرکے معزز مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لائے۔ وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب ہوئی۔ جے ایف تھنڈر طیاروں نے بھی سلامی پیش کی۔

ابوظہبی کے ولی عہد کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے پہلی بار ایک دن کیلئے وزیراعظم ہاؤس کھولا اور ظہرانے کا اہتمام کیا۔

یاد رہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو اس موقع پر وزیراعظم عمران خود گاڑی چلا کر مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لائے۔

شیخ محمد بن زید نے وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی، پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ، خزانہ، پٹرولیم شامل تھے، وزرائے دفاعی پیداوار، اطلاعات اور منصوبہ بندی نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر اور معاون خصوصی بھی مذاکرات میں شریک تھے۔


ای پیپر