انتقام کا راستہ خود عمران خان کیلئے اچھا نہیں ہوگا: یوسف رضا گیلانی
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
06 فروری 2019 (09:38) 2019-02-06

لاہور: عدالتوں کا سامنا کرنے والے سیاستدانوں پر ملک سے اخراج بند، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو جنوبی کوریا روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر ایف آئی اے نے گھیر لیا اور طیارے میں سوار نہ ہونے دیا۔

کرپشن کیسز، نیب میں پیشیاں اور ای سی ایل کا ٹھپہ، سابق وزیراعظم بیرون ملک نہ جاسکے۔ سید یوسف رضا گیلانی لاہور ایئرپورٹ سے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول جا رہے تھے کہ ایف آئی اے نے طیارے میں سوار ہونے سے روک لیا، پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی بھی ہمراہ تھے۔

بیرون ملک روانگی سے روکے جانے پر سابق وزیراعظم حکومت وقت پر برس پڑے بولے، پاکستان چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، ڈیڑھ ماہ قبل ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کیلئے نیپال گیا تھا۔ اب براستہ بنکاک سیئول میں یونیورسل پیس فیڈریشن سمٹ کیلئے جانا تھا مجھے روک کر بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ سمٹ میں شرکت کیلئے نیب جج کو بھی آگاہ کر دیا تھا، مسلسل پیشیاں بھی بھگت رہا ہوں۔ انصاف حکومت بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانا بند کرے، انتقام کا راستہ خود عمران خان کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔ بولے، اگر پاکستان کا سابق وزیراعظم جبر کا شکار ہے تو عام آدمی کو کیا تحفظ ملے گا۔


ای پیپر