پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو جوابات بھجوا دئیے
06 دسمبر 2019 (18:42) 2019-12-06

اسلام آباد: پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) کو اپنا نام گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے بقیہ 22 سفارشات کے جوابات پر مشتمل رپورٹ بھجوا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اکتوبر میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو بدستور گرے لسٹ میں برقرار رکھتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر فروری 2020 تک خاطر خواہ اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان کو بلیک لسٹ میں بھی ڈالا جا سکتا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کو بھیجی گئی رپورٹ وزارت خارجہ، وزارت خزانہ، سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ ( ایف ایم یو) نے تیار کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی تیاری میں اسٹیٹ بینک، نیشنل کانٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے ، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)اور پاک فوج کے نمائندے بھی شامل تھے۔ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے 113مدارس کو حکومتی نگرانی میں دیا جا چکا ہے، یہ مدارس متعلقہ اسسٹنٹ کی زیر نگرانی کا م کر رہے ہیں جب کہ ان مدارس سے وابستہ اساتذہ اور طالب علموں کو دو سال کا بجٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل 27 سفارشات میں سے 5 سوالات پر ایف اے ٹی ایف پاکستان کی کارکردگی پر پہلے ہی اطمینان کا اظہار کر چکا ہے جس کے بعد اب بقیہ 22 سفارشات سے متعلق رپورٹ بھجوائی گئی ہے۔21جنوری کو ایف اے ٹی ایف کا اجلاس سڈنی کی بجائے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہو گا جس کے بعد کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی اور پھر فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا نکا لنے کا فیصلہ ہوگا۔


ای پیپر