فائل فوٹو

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ سے معمولات زندگی متاثر
06 دسمبر 2019 (09:36) 2019-12-06

لاہور: پورے پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود دھند نے سب کچھ دھندلا دیا، دھند اور سموگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

ملتان، لاہور، فیصل آباد اور دوسرے شہروں میں متعدد پروازیں روک دی گئیں، موٹروے تھری کو بند کرنا پڑا، باقی روٹس اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ لاہور اور دیگر شہروں میں زہریلی سموگ سے الرجی اور سانس کی بیماریاں بڑھ گئیں۔

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ سے معمولات زندگی متاثر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کہروڑپکا، گوجرہ، رینالہ خورد، پھالیہ، چنیوٹ، شاہکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی ہر منظر دھندلا گیا۔

موٹر وے پر لاہور سے کوٹ مومن میں حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، پتوکی سے چیچہ وطنی تک بھی نیشنل ہائی وے پر بھی دھند کا راج۔ میاں چنوں سے خانیوال، ملتان اور بہاولپور تک حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ سندھ میں میر پور ماتھیلو، گھوٹکی، ڈہرکی اوباڑو اور دیگر علاقوں میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال لیے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔


ای پیپر