Source : Facebook

پنجاب حکومت کی طرف سے کاشتکاروں کیلئے بڑی خوشخبری
06 دسمبر 2018 (23:20) 2018-12-06

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں شوگرملز مالکان کرشنگ کا آغازکریں گے -

شوگر ملز مالکان کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 2 ارب 90 کروڑ روپے کے اجراءکی منظوری دے دی گئی ہے ۔ گنے کا نرخ پنجاب بھر میں 180 روپے من ہو گا- کٹوتی میںکسی قسم کی زیادتی کی اجازت نہیں دی جائے گی- قانون کے مطابق کٹوتی کی جائے گی-ایوان وزیر اعلی میں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعمان اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں شوگر ملز کے 2 ارب 90 کروڑ روپے واجب الادا تھے -

یہ سبسڈی ادا نہیں کی گئی ، اسی طرح ایکسپورٹ کے معاملات بھی حل طلب تھے- وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کاشتکاروں کے حقوق اور ملز مالکان کے مفادا ت کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی ہے - انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کاشتکاروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دے گی- پنجاب بھر کے کروڑوں کاشتکاروں کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا-

پنجاب شوگر ملز کے صوبائی چیئرمین نعمان نے وفاقی اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا - انہوں نے وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے ذاتی دلچسپی لیکر معاملے کو حل کروانے پر بھی شکریہ ادا کیا- وزیر اعلی نے شوگرملوں کو سبسڈی کی ادائیگی کے حوالے سے بہترین کردار ادا کیا- صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ہم پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا- حکومت شوگرملز مالکان کے حقوق کو بھی زک نہیں پہنچنے دے گی۔


ای پیپر