فوٹو بشکریہ فیس بک

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی
06 دسمبر 2018 (15:05) 2018-12-06

ریاض: اوپیک اجلاس شروع ہونے سے قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔

خام تیل کی قیمت ایک ڈالر کمی کے ساتھ 51.84 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ برنٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 15 سینٹ کی کمی دیکھی گئی، نئی قیمت 60.46 ڈالر فی بیرل ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اوپیک ممالک کے درمیان یومیہ 10 لاکھ بیرل پیداوار کمی پر اتفاق ہو گیا تو تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عرب ملک قطر نے آئل کی پیداوار کرنے والے 15 ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز(اوپیک) سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔ قطر پہلا خلیجی ملک ہے جس نے اوپیک سے نکلنے کا اعلان کیا، قطر نے 1961 میں اس تنظیم کے قیام کے ایک سال بعد اس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

قطری وزیر توانائی سعد شیردا الکابی نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ اوپیک تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا فیصلہ اس بات کا عکاس ہے کہ قطر نیچرل گیس کی پیداوار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے قطر پر دہشتگردوں کی مالی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے دوحا سے تعلقات منقطع کر لیے تھے۔


ای پیپر