فوٹو بشکریہ فیس بک

مسلم لیگ ن قبل از وقت انتخابات کیلئے ہمہ وقت تیار ہے: نواز شریف
06 دسمبر 2018 (14:03) 2018-12-06

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی مڈٹرم الیکشن کی بات پر نواز شریف بھی بول پڑے، کہتے ہیں مسلم لیگ ن قبل از وقت انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم سنجیدہ سیاست کے قائل ہیں قبل از وقت انتخابات کی بات پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا، عوام خوش ہے کہ جلد ہماری جان چھوٹنے والی ہے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ فافین کی رپورٹ کے مطابق 53 حلقوں میں جیت کا مارجن مسترد ووٹوں سے کم ہے۔ فافن رپورٹ سے ظاہر ہے کہ 53 حلقوں میں دھاندلی ہوئی۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم عمران خان کے انٹرویو کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا جس میں انہوں نے ملک میں قبل از وقت انتخابات ہونے کی طرف اشارہ دیا تھا۔

رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جس طرح حکومت ہو رہی ہے عمران خان چھ ماہ بعد خود ہی چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ حکومت آئینی طریقے کار کے مطابق تبدیل ہو لیکن کسی کے حوالے کرنیوالی بات آئین میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تین یا چھ ماہ بعد الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے اپوزیشن حکومت کو وقت دے رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر عمران خان کے قبل از وقت الیکشن کے بیان پر پھٹ پڑے، بولے ایسا بیان ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے۔ پارٹی کے سنجیدہ رہنما وزیر اعظم کو سمجھائیں۔ عمران خان اور ان کی ٹیم اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارنے پر تلے ہیں۔


ای پیپر