سکول کھولنے کا فیصلہ تبدیل ،سیاحتی مقامات،ریسٹورنٹ کھولنے کا اعلان 
06 اگست 2020 (17:28) 2020-08-06

لاہور :وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے، ٹورازم، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، جمز، تھیٹر، سینما ہالز، شاپنگ مالز، بیوٹی پارلر اور شادی ہالز سمیت دیگر شعبے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال پر قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی جائزہ لیا جائے گا،وفاقی وزیر نے بتایا کہ اجلاس میں 8 اگست سے سیاحتی علاقوں کے ہوٹلز کھول دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 10 اگست سے جمز، تھیٹرز اور سینما ہالز کو بھی کھول دیا جائے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس اور کیفے ٹیریاز کیلئے ایس او پیز جاری کیے جائیں گے جبکہ کبڈی، کشتی اور رگبی کےعلاوہ دیگر سپورٹس کی اجازت دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور مارکیٹیں ہفتے کو بند رکھنے کی پابندی ختم کی جا رہی ہے۔ تاجر پرانے طریقہ کار کے مطابق دکانیں کھول سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولے جا سکتے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جا رہا ہے۔ میٹرو بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایکسپو ہالز اور بیوٹی پارلرز 10 اگست سے کھولے جا رہے ہیں جبکہ مزارات کو بھی کھولا جا رہا ہے۔ تاہم صوبائی انتظامیہ سے عرس کی اجازت لینا ہوگی۔

تاہم وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام کو معلومات زندگی بحال کرنے کی خوشخبری دینے کیساتھ ساتھ یہ تنبیہ بھی کی کہ جن ممالک میں کورونا ختم ہوا، وہاں دوبارہ کیسز سامنے آئے، خطرہ ابھی ٹلا نہیں، احتیاط لازمی کرنا ہوگی۔


ای پیپر