فوٹوبشکریہ فیس بک

سوئٹزرلینڈ میں 79 سال پرانا طیارہ گر کر تباہ، 20 افراد ہلاک
06 اگست 2018 (11:16) 2018-08-06

برن: ایک قدیم طیارہ سوئٹزرلینڈ کے سوئس الپس میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے باعث 20 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار 20 افراد سوئٹزرلینڈ کے جنوبی علاقے میں دو روزہ تفریحی دورے کے بعد واپس آرہے تھے۔

تفتیشی افسران کی جانب سے کہا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والا پروپیلر طیارہ ’جنکر جے یو 52‘ ماڈل کا تھا جو کافی پرانا ہوچکا تھا اور اسے سوئس کمپنی ’جے یو ایئر‘ آپریٹ کر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق طیارے میں عملے کے 3 افراد اور 17 مسافر موجود تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔

ہلاک ہونے والوں میں 11 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 42 سے 84 برس کے درمیان ہیں۔ اطلاعات کے مطابق طیارے نے لوکارنو کے ماگادینو ایئرفیلڈ سے اڑان بھری اور 50 منٹ بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حادثے سے قبل پائلٹ کی جانب سے کوئی ایمرجنسی سگنل بھیجا گیا تھا یا نہیں۔ اب تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ طیارہ عموداً پہاڑیوں پر جاکر گرا اور اس 79 سال پرانے طیارے میں بلیک باکس بھی موجود نہیں تھے۔


ای پیپر