کورونا وائرس: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا قوم سے خطاب
06 اپریل 2020 (21:07) 2020-04-06

لندن : ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ برطانیہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ضرور کامیاب ہوگا، اپنے غیر معمولی خطاب میں ملکہ الزبتھ نے حکومتی احکامات پر عمل کر کے گھر پر رہنے والوں اور ان حالات میں دوسروں کی مدد کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے اپنےغیر معمولی اور پرجوش خطاب میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں متحد اور پرعزم رہنے پر زور دیا ہے،ترانوے سالہ ملکہ نے ونڈ سرکیسل سے اپنے ٹی وی خطاب میں کہا کہ اگر ہم متحد اور پر عزم رہے تو اس وبا پر قابو پا لیں گے۔ ملکہ برطانیہ نے اپنے 67 سالہ دور حکومت میں اب تک پانچ مرتبہ قوم سے براہ راست خطاب کیا ہے۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق ملکہ کا کہنا تھا کہ میں آپ سے اس لمحے مخاطب ہوں جب کہ میں جانتی ہوں کہ یہ ایک مشکل وقت ہے۔ہمارا ملک متاثر ہے،کچھ لوگ دکھی ہیں۔ بہت سے لوگوں کو مالی مشکلات ہیں اور ہم سب کی روز مرہ کی زندگی میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

ملکہ نے برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے، ملکہ برطانیہ کا کہنا تھا کہ ان لوگو ں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جو گھروں میں رہ رہے ہیں۔

آپ کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ اگر ہم پرعزم اور متحد رہے تو اس پر قابو پا لیں گے،انہوں نے آخر میں میں کہا کہ ہم کامیاب ہوں گے اور یہ کامیابی ہم میں سے ہر ایک کی ہوگی،اچھے دن واپس آئیں گے اور ہم دوبارہ اپنے دوستوں کے ساتھ رہیں گے ۔انپے خاندان کے ساتھ رہیں گے ۔ہم دوبارہ ملیں گے۔


ای پیپر