فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

شہباز گل کا حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب پر حیرت کا اظہار
06 اپریل 2019 (13:44) 2019-04-06

لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر کے مسلسل گاڑی میں بیٹھے رہنے اور میڈیا سے گفتگو کرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”حیرت انگیز، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر مسلسل اپنی گاڑی میں بیٹھے ہیں۔ یہاں تک کہ گاڑی کے اندر سے میڈیا کیساتھ گفتگو بھی کر رہے ہیں۔“

انہوں نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری ہونی چاہئے اور انہیں مقدمات کا سامنا کرنا چاہئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر کی سربراہی میں نیب کی ٹیم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے کیلئے ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہیں تاہم ابھی تک دروازہ نہیں کھولا گیا جبکہ ن لیگ کارکنان کی آمد کے باعث رینجرز کو بھی طلب کیا جا چکا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر حمزہ شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر اپنی گاڑی میں بیٹھے ہیں، اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی جس پر پنجاب حکومت کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے حیرت کا اظہار کیا۔


ای پیپر