(ن) لیگ کو ایک اور سیاسی دھچکا، رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ
06 اپریل 2018 (17:35)

اسلام آباد:مسلم لیگ کو ایک اور سیاسی دھچکا، مسلم لیگ ( ن ) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمارنے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، رمیش کمار ہفتہ کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آیی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دینے اعلی عہدے داران کے ہمراہ ہفتے کو انکی رہائش گاہ جائیں گے، جہاں مشترکہ پریس کانفرنس متوقع ہے۔

ڈاکٹر رمیش پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور کامیاب کاروباری شخصیت ہیں، ڈاکٹر رمیش کے ہفتہ وار مضامین قومی اخبارات کی زینت بنتے ہیں، حالیہ برسوں میں وہ نواز شریف کے قومی اداروں سے ٹکرائو کے بیانیے کے سخت ناقد ہیں، متروکہ وقف املاک بورڈ میں صدیق الفاروق کی چیئرمین تعیناتی کے سخت مخالف تھے، ڈاکٹر رمیش کا سپریم کورٹ میں موقف تھا کہچیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ہندو کمیونٹی سے ہونا چاہیے، انہوں نے سابق چیف جسٹس رانا بھگوان داس کا نام بھی کچھ سال قبل تجویز کیا تھا، پاناما ایشو پر سپریم کورٹ، احتساب عدالت کے باہر ڈاکٹر رمیش کبھی نظر نہیں آئے، تحریک انصاف میں فی الحال کوئی غیرمسلم سیاسی قدآور شخصیت نہیں، ڈاکٹر رمیش وانکوانی کو تحریک انصاف میں اہم ذمہ داریاں سونپنے کی توقع ہے۔


ای پیپر