بھارت کشمیریوں پرمظالم ڈھا کرتحریک آزادی کچلنے کی کوشش کررہا ہے، خواجہ آصف
06 اپریل 2018 (16:28)

اسلام آباد: وز یر ِ خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں 20 کشمیریوں کی شہادت بھارت کی بندوق کی نوک پر مسئلہ حل کرنے کی پالیسی کا اظہار ہے، بھارتی فورسز کے مظالم کشمیریوں کے عزم کو شکست نہ دے سکے،عالمی برادری فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دلوائے۔ جمعہ کویومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے وزیرِخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری 70 سال سے خودارادیت کا تسلیم شدہ حق لینے کی جدوجہد کررہے ہیں لیکن بھارت کے وعدوں سے انحراف کے باعث سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ ہوسکا۔

بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا کر آزادی کی تحریک کو کچلنے کی کوشش کررہا ہے، گزشتہ ایک ہفتے میں 20 کشمیریوں کی شہادت بھارت کی بندوق کی نوک پر مسئلہ حل کرنے کی پالیسی کا اظہار ہے، لیکن پھر بھی بھارتی فورسز کے مظالم کشمیریوں کے عزم کو شکست نہ دے سکے۔وزیرِخارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے ظلم بربریت ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی قربانیوں، بہادری اور عزم کو سلام پیش کرتی ہے اور کشمیریوں کو سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت کا یقین دلاتی ہے، عالمی برادری بھی فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دلوائے۔


ای پیپر