کراچی والوں کی بڑی  مشکلات حل ،وزیر اعظم عمران خان کا دھماکہ دار اعلان 
05 ستمبر 2020 (15:59) 2020-09-05

کراچی :وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کیلئے 11 سو ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی پیکج میں پانی کے مسئلے کا حل بھی شامل ہے،ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ آئندہ 3 سال میں پانی کا مسئلہ حل ہو جائے۔

کراچی کے خصوصی دورے کے موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جیسے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے بعد فوری طور کمیٹی بنا کر اقدامات کیے، اسی طرح کراچی میں دیگر مسائل کا بھی حل تلاش کیا جائے گا۔

پی سی آئی سی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کمیٹی میں پاک فوج کا بہت بڑا کردار ہے کیوں کہ سیلاب اور صفائی کے معاملات پر ہمیں فوج کی ضرورت ہو گی،ان کا کہنا تھا کہ 'دنیا میں جب بھی اس طرح کی قدرتی آفت سامنے آتی ہے تو اس میں فوج سب سے آگے ہوتی ہے کیوں وہ سب سے منظم ادارہ ہے اور اس کے پاس سب سے زیادہ صلاحیت ہوتی ہے،پیکج کے تحت حل کیے جانے والے والے مسائل کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہ کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ’کے فور‘ منصوبے کا ایک حصہ صوبائی جبکہ دوسرا حصہ وفاقی حکومت لے گی اور آئندہ تین برس میں کراچی میں پانی کے بحران کو مستقل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

نالوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جہاں تجاوزات ہیں انھیں ہٹانے کے لیے نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کام شروع کر دیا ہے اور وہاں پر رہائش پذیر افراد کو متبادل جگہ فراہم کرنے کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہو گی ،وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کے مزید مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سیوریج سسٹم اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے بھی اسی پیکج سے حل کیے جائیں گے،ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے علاوہ شہر میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سسٹم اور سڑکوں کے منصوبوں کے لیے اس پیکج سے رقم مختص کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس پیکیج کی تکمیل کے لیے تین مراحل میں کام ہوگا جس میں قلیل المدت منصوبے ایک سال میں جبکہ طویل مدتی منصوبے تین سال میں مکمل کیے جائیں گے ،وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو مشکل حالات سے گزرنا پڑا لیکن اب اس کمیٹی کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔


ای پیپر