فوٹو بشکریہ فیس بک

وزیراعظم کی سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹ کرنے کی تردید
05 ستمبر 2019 (11:05) 2019-09-05

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹ کرنے کی تردید کر دی ، کہا کہ ایم ٹی آئی آرڈیننس کا مقصد پبلک سیکٹر کے ہسپتالوں میں جدید اصلاحات لانا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتال سرکاری ہی رہیں گے اور یہ آرڈیننس ہمارے ہسپتالوں کے اصلاحاتی منصوبے کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں بہتر انتظامات کی بدولت ہی مریضوں کو سہولتیں ملیں گی۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی پنجاب کے سرکاری میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کی نجکاری کی خبروں کی سختی سے تردید کی تھی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت پنجاب کے کسی بھی میڈیکل ٹیچنگ ہسپتال کی نجکاری کی گئی ہے اور نہ ہی کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ سے ہسپتالوں کو صرف با اختیار بنا کر مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شرپسند عناصر کو ایم ٹی آئی کے نام پر سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کے علاج معالجہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینگے۔


ای پیپر