Source : Yahoo

امریکہ کے ساتھ اعتماد اور احترام کیساتھ مضبوط تعلقات بنانا چاہتے ہیں:وزیر اعظم عمران خان
05 ستمبر 2018 (22:21) 2018-09-05

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے پرامید ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں امریکہ پر واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہش مندہے لیکن دہشتگردی کے خلاف ہماری قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔

وزیر ِ اعظم سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ملاقات کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے اپنی خواہش اور خطے میں امن سے متعلق اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے مائیک پومپیو کے ساتھ ملاقات میں تمام پڑوسیوں کے ساتھ امن کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اعتماد اور احترام کیساتھ تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میری حکومت کا ایجنڈا انسانی ترقی اور غربت کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں علاقائی امن و استحکام بنیادی جزو ہیں۔پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ احترام واعتماد کی بنیاد پر تعلقات کو مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ہمسایوں سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ امن پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔دوسری طرف امریکی وزیر ِ خارجہ نے عمران خان کو حکومت کے قیام پر مبارک باد دی اور پاکستان کی ترقی کیلئے ان کے اقتصادی اور سماجی ترقی کے ایجنڈے کی تعریف کی۔

وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات کی بحالی کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ وہ شروع سے ہی پرامید ہیں اور ایک اسپورٹس مین ہمیشہ پر امید رہتا ہے۔

واضح رہے امریکی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔


ای پیپر