پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے ملک بھر میں جلسوں کا اعلان کر دیا 
05 اکتوبر 2020 (19:22) 2020-10-05

اسلام آباد :پی ڈی ایم کے مشترکہ اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنمائوں نے ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر کو پی ڈی ایم کراچی میں جلسہ کرے گی ،پی ڈی ایم کا 22 نومبر کو پشاور 25 نومبر کو کوئٹہ میں بھی جلسے کرے گی ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے اعتراض کے بعد اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) نے کوئٹہ میں ہونے والا جلسے کی تاریخ تبدیل کر دی،یہ جلسہ 18 اکتوبر کو کوئٹہ کے بجائے اب کراچی میں ہو گا،پیپلزپارٹی نے  پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے اور 18 اکتوبر کی تاریخ پر تحفظات ظاہر کیے تھے کیونکہ پیپلز پارٹی 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی مناتی ہے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ  سانحہ پر کراچی میں جلسہ کرے گی،پی پی کا کہنا تھا کہ کراچی جلسہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا کیونکہ سانحہ کار ساز میں 177 افراد شہید اور 610 زخمی ہوئے تھے، پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو کراچی منتقل کر دیا ہے جس کی میزبانی اب  پیپلز پارٹی کرے گی۔

اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کو پی ڈی ایم کا سیکرٹری جنرل اور راجہ پرویز اشرف کو پی ڈی ایم کا نائب صدر بنا دیا گیا ،اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ 13 دسمبر کو لاہور ،30 نومبر کو ملتان ،16 دسمبر کو گوجرانوالہ اور 22 دسمبر کو لاڑکانہ میں جلسے کیے جائینگے ۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہمارا مقصد صرف عوام کو ریلیف دینا ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک آئین کے مطابق چلے ،راجا پرویز اشرف نے کہا آج کے اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کیلئے پروگرام تشکیل دیدیا گیا ہے ،پی ڈی ایم کا بنیادی مقصد پاکستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنا ہے ،آج ملک کے عوام بے روزگاری اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ۔


ای پیپر