Dr Firdous Ashiq Awan PDM, PTI, Daksa Election 2021
05 May 2021 (22:36) 2021-05-05

 اسلام آباد :سیالکوٹ رمضان بازار میں فردوس عاشق اعوان اور اے سی کے درمیان تلخ کلامی کے واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں قصوروار قرار دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کوبھجوا دی گئی ہے،وقوعہ کے وقت اے سی اپنی ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھی تھیں، خاتون صارف نے گلے سڑے پھل مہنگے داموں فروخت کی شکایت کی تھی اور شکایت کے وقت بھی اسسٹنٹ کمشنرسونیاصدف موجودنہ تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فردوس عاشق اعوان کے ساتھ اے سی  کا رویہ نامناسب تھا، حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم اب اہم فیصلہ کریں گے۔اے سی سے تلخ کلامی کے بعدفردوس عاشق اعوان  نے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں فردوس عاشق اعوان نے انہیں تمام واقعے سے آگاہ کیاتھا۔سیالکوٹ میں رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ ڈپٹ کی تھی جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی عروج پر پہنچ گئی تھی ۔

واضح رہے اس سے قبل  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کو ڈانٹنے کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بدقسمتی سے چیف سیکرٹری کو حقائق مسخ کر کے بتائے گئے۔  

 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاکہ اس معاملے میں بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانے والے بھی کودے ہوئے ہیں اور کچھ بی جمالوں کا کردار ادا کررہے ہیں، گزشتہ روز رمضان بازار میں مس مینجمنٹ تھی، بدقسمتی سے چیف سیکرٹری کو حقائق مسخ کرکے بتائے گئے، کئی بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا لیکن کہیں سے ایسا ری ایکشن نہیں آیا۔  

ان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر فردوس کسی خاندان کی نہیں بلکہ عوامی مسائل کی جنگ لڑنے گئی تھی، لوگ واقعے میں اپنی اپنی مرضی کا رنگ بھر رہے ہیں، مسائل کی نشاندہی کرنا ہماراکام ہے اور عوامی نمائندوں کے درمیان ٹکراؤ پیدا کرنے والوں کو مایوسی ہوگی، بیورو کریسی حکومت کا حصہ ہے، ان کو نیچا نہیں دکھا رہے، انہیں برا منانے کی بجائے بہتری پیدا کرنی چاہیے، ان کے ساتھ کوئی ٹکراؤ نہیں ہے۔


ای پیپر