ممتاز سیاسی شخصیت منیر احمد خان کی تحریک انصاف میں شمولیت
سورس:   فائل فوٹو
05 مارچ 2021 (18:25) 2021-03-05

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ممتاز سیاسی شخصیت منیر احمد خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

 وزیراعظم میڈیا آفس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں منیر احمد خان نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے منیر احمد خان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی وجہ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے۔ میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ملاقات میں منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی مثالی قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ ایک برس کے دوران ملک میں بڑی اور مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ منیر احمد خان نے کہا کہ ہر پاکستانی اور خصوصاً نوجوان نسل اس بات پر فخر محسوس کرتی ہے کہ ملک کی باگ ڈور اس لیڈر نے سنبھالی ہوئی ہے جس کا دامن صاف اور کرپشن سے پاک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان گذشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور مافیا سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی بے باک قیادت اور بے لوث جدوجہدسے متاثر ہو کر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اس مشن کا حصہ بن سکیں جس کے لیے عمران خان جدو جہد کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار، وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ منیر احمد خان تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل تحریک بحالی جمہوریت (اے آر ڈی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ہونے کے علاوہ مختلف حکومتوں میں مشیر اور دیگر مرکزی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر