ہمارے 16 ارکان نے خود کو بیچا، وزیراعظم عمران خان کا اعتراف
سورس:   فائل فوٹو
05 مارچ 2021 (18:09) 2021-03-05

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا۔ مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات نہیں منوا سکا.

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے پر ارکان کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ جس کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس میں وزیراعظم کے حق میں نعرے لگائے جب کہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان جذباتی ہو گئے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم صاحب حلقہ ہم سنبھالیں گے لیکن آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو عوام نے ووٹ کی امانت دے کر ایوان میں بھیجا ہے اور آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں جبکہ پیسے لے کر ووٹ دینا بدیانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیدھی بات کرتا ہوں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا لہذا میں اگر آپ ارکان کی نظر میں غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ چھوڑ دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے ایک مقصد لے کر سیاست شروع کی ہے جبکہ میں جمہوریت اور آزادی رائے پر یقین رکھتا ہوں جب کہ مجھے کوئی بلیک میل کر کے اپنی بات کبھی نہیں منوا سکا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل یعنی ہفتے کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومت کی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کے تحت قومی اسمبلی اجلاس کل طلب کیا ہے۔

 بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر