Prime Minister's directive to pay special attention to tax evasion factors
کیپشن:   فائل فوٹو
05 مارچ 2021 (13:59) 2021-03-05

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس چوری کے عوامل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ٹیکس اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، اسدعمر، حماد اظہر، مشیران عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، تابش گوہر، ندیم بابر اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد نظام کو آسان بنانا ہے۔ اصلاحات سے ٹیکس نظام میں خامیاں ختم ہوں گی۔ اصلاحات سے ٹیکس نظام میں شفافیت یقینی بنانا ممکن ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آٹومشین کا نظام متعارف کرایا جائے۔ ٹیکس نظام ایسا بنایا جائے، جس سے کاروبار آسان اور معیشت ترقی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات سے ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات کو کم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے ٹیکس چوری کے عوامل پر خصوصی توجہ کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹیکس اصلاحات ایسی ہونی چاہیں جو آسانی پیدا کریں۔


ای پیپر