حکومت نے دوبڑی جماعتوں پر پابندی عائد کر دی
05 مارچ 2019 (23:20) 2019-03-05

اسلام آباد: حکومت نے جماعت الدعو ةاور فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پر باقاعدہ پابندی عائد کردی۔وزارت داخلہ کے مطابق کالعدم جماعت الدعو اور ایف آئی ایف پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت دونوں تنظیموں پر پابندی عائد کی گئی ہے اور انہیں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کرلیاگیا ۔واضح رہے گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد خصوصی بات چیت کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ملکی مفاد میں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا تھا کہ سیاسی اور معاشی حکمت عملی کے تحت کالعدم جماعتوں کی فنڈنگ روکنا ہوگی۔ نجی ٹی وی سے بات چیت میں فواد چودھری نے کہا تھا کہ اس ضمن میں سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم گروپوں پرعملی لحاظ سے پانبدیوں کو یقینی بنائیں گے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی۔ خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو احکامات جاری کیے گئے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیزکردی جائیں۔


ای پیپر