پی ایس ایل فائنل 25مارچ کو کراچی میں ورنہ کہیں نہیں ہو گا :چیئر مین پی سی بی
05 مارچ 2018 (17:49)

کراچی : پی ایس ایل تھری کی بڑھتی مقبولیت نے پاکستان میں کرکٹ کو چار چاند لگا دئیے ،ہر طرف پی ایس ایل کے ہی چرچے نظر آتے ہیں ۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا اور اگر فائنل کراچی میں نہیں ہوا تو کہیں نہیں ہوگا۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور سی ای او سبحان احمد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، چیئرمین پی سی بی نے انتظامیہ کو نیشنل سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔


نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل انتظامات سے مطمئن ہیں، انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان آئیں گے اور جو کھلاڑی کسی وجہ سے نہیں آنا چاہتے ان کے متبادل موجود ہیں، غیرملکی سکیورٹی ایجنسی کی 20 فروری کو سامنے آنے والی رپورٹ پہلے سے زیادہ تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی فروخت 15 مارچ سے شروع ہوگی، قیمت ایک ہزار سے 12ہزار تک ہو گی جب کہ لگتا ہے 25 ہزار کی جگہ کم پڑ جائے گی۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میڈیا بار بار پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے سوال نہ کرے، پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا اور اگر فائنل کراچی میں نہیں ہوا تو کہیں نہیں ہوگا۔


ای پیپر